|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2017

کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ گذشتہ روز ان کی وزیراعظم محمد نواز شریف سے ہونے والی ملاقات میں صوبے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور اس امر پر اطمینان و مسرت کا اظہار کیا گیا کہ عوامی فلاحی منصوبوں کی بنیاد پر مسلم لیگ(ن) کی ملک گیر مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، جس کے مثبت اثرات آئندہ عام انتخابات میں ظاہر ہونگے اور مسلم لیگ(ن) 2018 کے انتخابات میں ایک مرتبہ پھربھرپور کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ(ن) بلوچستان میں وزیراعظم کی قیادت میں متحد اور منظم ہے اور وزیراعظم کی رہنمائی میں صوبے میں پارٹی کو مزید مستحکم اور فعال بنایا جارہا ہے، وزیراعظم نے اس حوالے سے ملاقات میں جو گائیڈ لائن دی ہے اس پر بھرپور طریقے سے عملدرآمد کیا جائیگا اور مسلم لیگ(ن) آئندہ انتخابات میں بلوچستان میں سادہ اکثریت حاصل کر کے حکومت سازی کریگی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں صوبے کی تعمیر و ترقی اور امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی بھرپور معاونت اور توجہ حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ آج بلوچستان میں ایک واضع تبدیلی نظر آرہی ہے، سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے، سی پیک کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد جاری ہے، جن کی تکمیل سے یہاں کے عوام کی زندگی میں ایک مثبت تبدیلی آئے گی، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم کو صوبائی حکومت کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ امن و امان کی بہتری کے لیے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا، جس پر وزیراعظم نے صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی عمل کی خود نگرانی کر رہے ہیں کیونکہ بلوچستان ان کے دل کے بے حد قریب ہے اور ان کی اولین خواہش ہے کہ بلوچستان کے وسائل سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے انہیں صوبے اور ملک کی ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائے۔ وزیراعظم نے بلوچستان کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کی معاونت کو مزید وسعت دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔