|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2017

لاہور: ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا ہے جس کے بعد جاتی سردی دوبارہ لوٹ آئی ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، بھکر اور خانیوال سمیت پنجاب کےمختلف شہروں میں گزشتہ رات سے ہی وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ اسلام آباد، فیصل آباد، شیخوپورہ، حافظ آباد اور گرد و نواح میں مطلع ابر آلود ہے۔ اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی بارش سے سردی کی شدت ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیا ت نے منگل سے اتوار تک وقفے وقفے سے بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعرات سے ہفتے تک خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد اور بالائی پنجاب میں بارش کا امکان ہے جب کہ منگل اور بدھ کو کوئٹہ، ژوب، قلات، ڈی جی خان، ملتان اورساہیوال ڈویژن میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔