تربت : یونیورسٹی آف تربت کا پہلا کانووکیشن بدھ 8مارچ 2017کو ایم ایٹ روڈ گھنہ میں واقع یونیورسٹی کی نئی عمارت میں منعقد ہوگا۔اس سلسلے میں تمام تیاریاں اور انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔گورنر بلوچستان و چانسلر تربت یونیورسٹی محمد خان اچکزئی مہمان خاص کی حیثیت سے کانووکیشن میں شرکت کریں گے اور سال 2015اور سال2016میں فارغ لتحصیل ہونے والے دو سو سے زائد طلباء و طالبات میں گولڈمیڈل اور اسناد تقسیم کریں گے۔سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کانووکیشن کے اعزازی مہمان ہوں گے۔ کانووکیشن میں قومی و صوبائی اسمبلی و سینیٹ کے موجودہ اور سابق ممبران، مختلف یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز،تربت یونیورسٹی کے سینیٹ ممبران و دیگر آئینی باڈیز کے ممبران ، ،لوکل انتظامیہ کے افسران، سیاسی و سماجی رہنما، علاقائی معززین و معتبرین، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندے ،ماہرین تعلیم، تربت یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران کے علاوہ طلباء و طالبات کثیر تعداد میں شرکت کریں گے۔گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی یونیورسٹی کی نئی تعمیر شدہ عمارت کا دورہ بھی کریں گے اس موقع پر وہ شعبہ کیمسٹری کی لیبارٹری اور ویڈیو کانفرنس ہال کا افتتاح کرنے کے علاوہ بس اور وین کی چابیاں وائس چانسلر کے سپرد کریں گے جو انکے خصوصی فنڈ سے خریدے گئے ہیں۔کانووکیشن فل ڈریس ریہرسل آج 7مارچ کو یونیورسٹی کی نئی عمارت میں منعقد ہو رہا ہے۔