|

وقتِ اشاعت :   March 8 – 2017

کوئٹہ: چیف سیکریٹری بلوچستان شعیب میر کی زیرصدارت سیکریٹریز کمیٹی کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔اس موقع پر چیف سیکریٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بلوچستان میں مختلف عہدوں پر فرائض انجام دیئے ہیں اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنابھرپور کردار ادا کریں گے۔ صوبے میں گڈگورننس وامن وامان کی صورتحال کی بہتری، تعلیمی سہولتوں کی فراہمی، ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، کوئٹہ شہر کی صفائی سمیت دیگر مسائل پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور ایک ٹیم کی طرح کام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پولیو کے خاتمے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں جس کی بدولت جلد ہی اس موذی مرض کا ملک اور صوبے سے خاتمہ ہوجائے گا۔چیف سیکریٹری نے زور دیتے ہوئے کہا کہ سول سرونٹس محنت ولگن سے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کریں اور صوبے وملک کی ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک نہ صرف ملک کے لئے بلکہ پورے خطے کے لئے اہمیت کا حامل ہے۔ اس میگا پروجیکٹ کے تحت بلوچستان میں مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جس سے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے اور بلوچستان جلد ایک ترقی یافتہ صوبہ بنے گا۔ یہ منصوبہ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیکریٹریز وقت کی پابندی کو یقینی بناتے ہوئے مفاد عامہ سے متعلق امور بروقت نمٹائیں اس کے علاوہ تمام سیکریٹریز سے ان کے محکموں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ تعلیم میں میرٹ پر تعیناتیوں کے عمل کو سراہا اور یقین دلایا کہ حقدار لوگوں تک ان کا حق پہنچانے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔