کوئٹہ : بلوچستان میں گردہ کے مریضوں کیلئے اچھی خبر یہ ہے اب انہیں ٹرانسپلانٹ کیلئے کراچی جانا نہیں پڑے گا، محکمہ صحت نے کوئٹہ کے بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیورو لوجی میں گردے کی ٹرانسپلانٹ آئندہ ماہ شروع کرنے کا فیصلہ کرلیاہے۔بلوچستان میں گردوں کے امراض میں مبتلا افراد کی تعداد چالیس ہزار سے تجاوز کرگئی ہے ،کوئٹہ کے سول ہسپتال میں روزانہ ساٹھ مریضوں جبکہ سمنگلی روڈ پر واقع بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرولوجی میں 120مریضوں کی روزانہ ڈائلیسس کی جاتی ہے۔محکمہ صحت نے صوبے کے آٹھ اضلاع میں گردوں کے امراض کے علاج کیلئے یونٹ قائم کیے ہیں جبکہ کوئٹہ کے بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرولوجی کو اپ گریڈ کردیا گیا ہے جہاں مریضوں کوآئندہ ماہ سے ٹرانسپلانٹ کی سہولت بھی حاصل ہوجائے گی۔ماہرامراض گردہ ،بلوچستان انسٹی ٹیوٹ آف نیفرولوجی ڈاکٹر فضل کا کہنا ہے کہ ہمارا پلان ہے کہ اپریل کے پہلے ہفتہ میں ٹرانسپلانٹ شروع کریں۔طبی ماہرین بلوچستان میں امراض گردہ میں اضافے کے پیش نظر سادہ طرز زندگی اختیار کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ لوگ صاف پانی پینے کے ساتھ ساتھ زیادہ گوشت کھانے سے پرہیز کریں۔