|

وقتِ اشاعت :   March 9 – 2017

پشاور: بالی وڈ اسٹار اور انڈین پریمئیر لیگ کی ٹیم کلکتہ نائٹ رائڈرز کے مالک شاہ رخ خان نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو نیوٹرل مقام پر کلکتہ نائٹ رائڈرز اور پشاور زلمی کے درمیان سیریز کرانے کی پیشکش کردی ہے۔ پاکستان سپر لیگ 2 کی کامیابی نے جہاں دنیا بھر میں پاکستان کانام روشن کیا وہیں ایونٹ کی کامیابی نے پڑوسی ملک بھارت کو بھی متاثر کیا اور پی ایس ایل 2 فائنل کے لاہور میں کامیاب انعقاد کے چرچے بھی بھارت میں ہورہے ہیں۔ پی ایس ایل 2 کی کامیابی سے بھارتی اداکار شاہ رخ خان اس حد تک متاثر ہوئے ہیں کہ انہوں نے انڈین پریمئیر لیگ میں اپنی ٹیم کلکتہ نائٹ رائڈرز اور پی ایس ایل ٹیم پشاور زلمی کے درمیان نیوٹرل مقام پر سیریز کی پیشکش کی ہے، شاہ رخ خان نے پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو نا صرف پی ایس ایل 2 فائنل جیتنے پر مبارکباد دی بلکہ کلکتہ نائٹ رائڈرز اور پشاور زلمی کے درمیان کسی نیوٹرل مقام پر ٹی 20 میچز کی سیریز بھی کرانے کی پیشکش کی ہے۔ شاہ رخ خان نے جاوید آفریدی کو دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز دبئی یا لندن میں کرانے کی تجویز دی تاہم سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان اور بھارت کی حکومتوں کی اجازت درکارہے۔