|

وقتِ اشاعت :   March 10 – 2017

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایازصادق کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے باہرہونے والے واقعہ پرشرمندہ ہیں اورہمیں پارلیمنٹ میں اپنے رویئے جمہوری اوربرداشت والے بنانا ہوں گے۔ اسلام آباد میں جمہوریت کی راہ میں قربانیاں دینے والے شہداء کی یادگارکی افتتاحی تقریب ہوئی، تقریب کا افتتاح چیئرمین سینٹ رضا ربانی اوراسپیکرایازصادق نے کیا ۔ اسپیکرقومی اسمبلی ایازصادق نے میڈیا سے ٍبات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور پارلیمنٹ کی تاریخ میں پہلی بارشہداء جمہوریت کی یادگار بنی، اس سلسلے مین چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں کوسراہتا ہوں، رضا ربانی کی جمہوریت کے لیے قربانیاں مجھ سے زیادہ ہیں۔ گزشتہ روزپارلیمنٹ کے باہرہونے والے واقعہ پرشرمندہ ہیں، ایسے واقعات سے جمہوریت کو کمزورکرنے والوں کو فائدہ پہنچتا ہے، ہمیں پارلیمنٹ میں اپنے رویئے جمہوری اوربرداشت والے بنانا ہوں گے، 2013 میں عہد کیا تھا کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے ہرکوشش کریں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ کل کے معاملے سے ان قوتوں کے ہاتھ مضبوط ہونگے جو جمہوریت کو طاقت میں نہیں دیکھنا چاہتے، ہمیں پارلیمنٹ میں اپنا رویہ جمہوری کرنا پڑے گا، ہمیں اپنے آپ کو اس پارلیمنٹ کا اہل بنانا ہوگا، جب ہم آئے تھے توبڑی جماعتیں ایک دوسرے سے بات بھی نہیں کرتی تھیں لیکن ہم اب بھی جمہوریت کو اورمستحکم کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے کہا کہ اسپیکر کا تعاون اور ساتھ نہ ہوتا تو شاید آج کا یہ دن اوراس یادگار کا افتتاح ممکن نہ ہوتا، دنیا میں آمریت کے خلاف ہرکوشش کو یادگارکے ذریعے محفوظ کیا گیا اورجن لوگوں نے جمہوریت کے لئے جد و جہد کی، ان کی یادوں کو محفوظ کریں گے۔ چیئرمین سینیٹ رضاربانی نے کہا کہ جمہوریت اورآئین کی بالادستی کے لئے اپنےعزم سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے، آج کی جمہوریت ان لوگوں کی مرہون منت ہے جنہوں نے سڑکوں پرنکل کرآمریت کا مقابلہ کیا اورپاکستان میں جمہوریت کی بحالی کیلئے ہرادارے نے اپنا بھرپورکردارادا کیا۔