|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2017

اسلام آباد: پارلیمنٹ لابی میں جاوید لطیف اور مراد سعید کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی پارلیمانی کمیٹی نے دونوں اراکین اسمبلی کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی ہے۔ چند روز قبل جاوید لطیف اور مراد سعید کے درمیان ہونے والے جھگڑے کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی کمیٹی نے موجود ریکارڈ کا جائزہ لے کر پہلے ہی اجلاس میں رپورٹ مرتب کر کے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو ارسال کر دی ہے۔ کمیٹی کے رکن طارق اللہ کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے آئندہ کے لئے مثال بننے والا فیصلہ کیا جب کہ اس کا اعلان اسپیکر قومی اسمبلی کریں گے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگ دیکھنے کے بعد جاوید لطیف اور مراد سعید دونوں کو ہی ذمہ دار قرار دیا ہے جس سے ایوان کا وقار مجروح ہوا، ذرائع کے مطابق کمیٹی نے دونوں اراکین قومی اسمبلی کے خلاف سخت کارروائی کی سفارش کی ہے۔