لاہور: چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا ہے کہ میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو رعایت نہیں ملے گی لہذا کوئی کھلاڑی قصور وار ہوا تو سمجھ لیجیے اس کا کیریئر ختم ہو گیا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ آج کی کرکٹ میں کھلاڑیوں کی فیلڈنگ اور فٹنس انتہائی اہم ہے، قومی ٹیم فیلڈنگ میں کمزور ہے لہذا ہم نے کھلاڑیوں کی فیلڈنگ اور فٹنس کے معیار کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوچ نے بتایا کہ فٹنس کے معیارپر 3 سے 4 کھلاڑی بارڈرلائن پر ہیں جس پر میں نے کہا کہ فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جب کہ ٹیم میں وہ کھلاڑی شامل نہیں ہوگا جو معیار پرپورانہیں اترے گا۔
شہریارخان نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پھنسانے کے لیے نت نئے طریقے استعمال ہورہے ہیں،بکی کھلاڑیوں سے دوست، رشتہ داروں کے ذریعے رابطہ کرتے ہیں جب کہ فکسنگ میں ملوث کھلاڑی کا سارا کیریر مشکوک ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میچ فکسنگ میں ملوث کھلاڑیوں کو رعایت نہیں ملے گی لہذا میچ فکسنگ میں کوئی کھلاڑی قصور وار ہوا تو سمجھ لیجیے اس کا کیریئر ختم ہو گیا ہے جب کہ اسپاٹ فکسنگ پر ٹریبیونل کا فیصلہ قبول کریں گے۔