|

وقتِ اشاعت :   March 14 – 2017

میکسیکو کی فٹبال فیڈریشن نے ریفریز سے جھگڑے پر دو فٹبالر پر ایک سال کی پابندی عائد کر دی ہے۔ دونوں فٹبالرز کو الگ الگ واقعات میں ریفری سے جھگڑے پر آٹھ سے دس میچوں کی پابندی کی سزا دی گئی تھی تاہم ریفریز نے اس سزا کو ناکافی قرار دیتے ہوئے ہڑتال کر دی تھی۔ اس کے بعد فٹبال فیڈریشن نے سزا پر نظرثانی کرتے ہوئے دونوں فٹبالرز پر ایک برس کی پابندی کے علاوہ جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ کلب امریکہ کے پابلو اگیلر اور کلب داپرتیو تولوکا کے اینرک ٹریویو الگ الگ واقعات میں ریفری کو دھکا دیا اور چہرے پر وار کیا۔ ریفریز نے اشتعال انگیزی کی رپورٹ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی تھی کہ ان پر ایک برس کی پابندی عائد کر جائے گی تاہم فٹبال فیڈریشن نے ان پر چند میچوں کی پابندی لگا دی جس سے ریفریز کی ایسوسی ایشن نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے ہڑتال کر دی۔ ہڑتال کے نتیجے میں اختتام ہفتہ پر اعلیٰ فٹبال لیگ کے میچوں کو منسوخ کرنا پڑا جس کے بعد فٹبالرز کی سزا میں اضافہ کر دیا گیا۔ فٹبال فیڈریشن کی جانب سے نئی سزا کے اعلان کے فوری بعد ہی ریفریز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔