کوئٹہ : بلوچ نیشنل فرنٹ کے مرکزی ترجمان نے 27مارچ کو بلوچستان بھر میں شٹرڈاؤن و پہیہ جام ہڑتال کی کال دیتے ہوئے کہا کہ بلوچ عوام 27مارچ کویومِ سیاہ منا ئیں۔ اسی روز سے آج تک بلوچ عوام کے خلاف ریاستی بربریت جاری ہے۔ تسلط کے بعد سے بلوچ عوام کی سیاسی و معاشی نسل کشی کے ساتھ ساتھ تمام شعبوں میں منصوبہ بندی کے تحت بلوچ عوام کے خلاف ریاست نے رکاوٹیں پیدا کردیں۔ بلوچ قوم کے زبانوں، رسم و رواج اور اقدار کونقصان پہنچانے کے لئے ریاست نے ہر ممکن اقدامات اٹھائے۔ اُن بلوچ رہنماؤں کو ہمیشہ ریاست نے راستے سے ہٹانے کی کوشش کی جو کہ بلوچ قومی آزادی اور عوام کی خوشحالی کے لئے جدوجہد کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں جاری مردم شماری سے بلوچ عوام کا بائیکاٹ ایک تاریخی اقدام ہے، فورسز بلوچ اساتذہ کو اغواء کرکے زبردستی مردم شماری کروانے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگارہے ہیں، لیکن عوامی بائیکاٹ تمام ریاستی کوششوں کو ناکام کرنے کا باعث بن رہی ہے۔ بلوچ نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے بلوچ عوام سے اپیل کی کہ وہ بلوچستان پر قبضے کے دن کو بطور سیاہ دن منائیں اور بلوچستان بھر کے کاروباری حضرات اس دن اپنی کاروبار بند رکھیں، تاکہ قابض ریاست کو ایک مرتبہ پھر یہ پیغام پہنچایا جا سکے کہ بلوچ عوام اپنے لئے خوشحالی اور آزادی حاصل کرنے کے راستے کا انتخاب آزاد بلوچ ریاست کے قیام کی جدوجہد کی صورت میں کرچکی ہے۔