|

وقتِ اشاعت :   March 17 – 2017

چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکااللہ کو امریکا کے ’لیجن آف میرٹ‘ سے نوازا گیا۔ پاک بحریہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ایڈمرل ذکااللہ کو امریکی مسلح افواج کے اعلیٰ ترین ایوارڈز میں سے ایک ’لیجن آف میرٹ‘ ان کے دورہ امریکا کے دوران امریکی چیف آف نیول آپریشنز ایڈمرل جون ریچرڈسن نے دیا۔ ایڈمرل ذکااللہ نے امریکی نیوی یارڈ کا دورہ کیا جہاں ایڈمرل جون ریچرڈسن نے ان کا استقبال کیا، جبکہ امریکی بحریہ کے دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ بعد ازاں نیول چیف کی ایڈمرل جون ریچرڈسن سے ملاقات میں دوطرفہ نیول تعاون اور بحر ہند میں سیکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایڈمرل ذکااللہ نے پاک بحریہ کی جانب سے گزشتہ ماہ کراچی میں منعقدہ کثیر القومی ’امن 17‘ نیول مشقوں میں امریکی بحریہ کی شرکت پر جون ریچرڈسن کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی سے ملاقات میں ایڈمرل ذکااللہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عزم کو بالعموم اور خطے میں امن اور سلامتی برقرار رکھنے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں کو بالخصوص دہرایا۔ پریس ریلیز کے مطابق چیف آف نیول اسٹاف نے امریکی فِلیٹ فورسز کمانڈ کے ڈپٹی کمانڈر وائس ایڈمرل ریچرڈ بریکنرِج سے بھی امریکی فلیٹ فورسز کے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی، جہاں انہیں امریکی فلیٹ فورسز کمانڈ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔