|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2017

کوئٹہ : گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ مردم شماری اور خانہ شماری ایک اہم قومی فریضہ ہے۔ شہری مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ حقیقی اعداد و شمار اور عوامی ضروریات کا تعین کرنے میں آسانی پیدا ہو ۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی ، معاشی منصوبہ بندی اور عوامی ضروریات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں کیلئے وسائل محتص کرنے میں مردم شماری کااہم کردار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہو ں نے ہفتہ کے روز یہاں گورنر ہاؤس میں صوبائی کمشنر مردم شماری پسند خان بلیدی کی قیادت میں ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ڈویژن عبدالواحد کاکڑ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ مردم شماری سماج اور طرز زندگی کی جامع تصویر ہوتی ہے ۔اس ضمن میں انہوں نے مردم شماری اور خانہ شماری کے تمام ذمہ دار آفیسران کو ہدایت دی کہ چھٹی مرد م شماری کے دونوں پہلے اوردوسرے مرحلے کو احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں تاکہ مردم شماری اور خانہ شماری کے مرحلوں میں کوئی بھی اس سے محروم نہ رہ جائے۔ انہوں نے کہا کہ چھٹی مردم شماری کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کا فعال اور موثر کردار بہت ضروری ہے ۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ بچے کی پیدائش کا اندراج اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے حوالے سے بھی عوام میں بڑے پیمانے پر شعور و آگاہی کی مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے۔ وفد نے گورنر بلوچستان کو اپنی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ مردم شماری کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے جس میں عوام بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں دوسرے مرحلے کا آغاز 25اپریل سے شروع ہوکر 25مئی 2017کو اختتام پذیر ہوگا۔ وفد نے مردم شماری پر مامور عملے اورمردم شماری کو تکمیل تک پہنچانے کے طریقہ کار سے بھی آگاہ کیا۔