|

وقتِ اشاعت :   March 20 – 2017

برطانیہ میں ایک شخص نہانے کے دوران آئی فون چارجر کے کرنٹ لگنے سے ہلاک ہوگیا۔ لندن کے رہائشی رچرڈ بل نامی یہ شخص باتھ ٹب میں مردہ پایا گیا اور اس کا جسم بری طرح جل گیا تھا۔ برطانوی میڈیا کے مطابق جب پولیس جائے حادثہ پر پہنچی تو انہوں نے ایک ایکسٹیشن کورڈ کو باتھ روم کے راستے میں پڑے ہوئے پایا۔ پولیس کے مطابق ہم نے ایک چارجر پر لگے آئی فون کو مردہ شخص کے سینے پر پایا جو کہ ایکسٹیشن کورڈ کے ذریعے چارج کیا جارہا تھا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ وہ ایکسٹیشن کوڈ فرش پر پڑی تھی اور ایسا لگتا ہے کہ رچرڈ بل اپنے فون کو سینے پر رکھ کر چارج کررہا تھا جس کے نتیجے میں بجلی کا کرنٹ پانی میں چلا گیا اور وہ جل کر ہلاک ہوگیا۔ اگرچہ یہ حادثاتی موت تھی تاہم حکام کا کہنا تھا کہ انہیں اس بات پر بہت فکرمندی ہے کہ لوگوں کو احساس نہیں ہوتا کہ پانی کے قریب ان کا فون انتہائی خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فون کمپنیوں کو چارجر کے ساتھ انتباہی نوٹس منسلک کرنے چاہئے۔ ایپل نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ تاہم رچرڈ بل کے بھائی اینڈریو کے مطابق ‘ میں امریکا میں رہتا ہوں اور کمپنی کا کہنا تھا کہ ایسا واقعہ یہاں نہیں ہوسکتا کیونکہ یہاں بجلی زیادہ نہیں، مگر برطانیہ میں کافی ہے’۔