|

وقتِ اشاعت :   March 21 – 2017

سبی: ایف سی ونگ کمانڈر کرنل مسعود خان نے کہا ہے کہ امن کو تباہ کرنے والی قوتوں کے خلاف ایف سی مستعد ہے ،امن دشمن عناصر کو درگور کیئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے،حالیہ آپریشنز کے ذریعے 300کے قریب بھٹکے ہوئے فراری قومی دھارئے میں شامل ہو چکے ہیں،تعلیم اور کھیل کے میدان میں نئی نسل کو ایف سی تنہا نہیں چھوڑئے گی،تعلیم ذہنی جبکہ کھیل جسمانی طور پر نوجوانوں کی نشوونما کرتی ہے،تلی جیسے دیہات میں کرکٹ کے کھیل میں لوگوں کی دلچسپی صحت مند سرگرمیوں کی جانب نئی نسل کو راغب کرنے کی عکاسی کرتی ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے تلی میں پہلا آل دیہات وڈیرہ شاہ بخش سیلاچی میموریل ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا،اختتامی تقریب میں سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین زاکواۃ و عشر کمیٹی سردار محمد خان خجک،میر عبدالصمد خان مرغزانی ایڈوکیٹ،وڈیرہ دیدار سیلاچی نے بھی خطاب کیا،قبل ازیں مہمان خصوصی کرنل مسعود خان نے ٹورنامنٹ کا ٹائٹل جیتنے والی ونر ٹیم اور رنرٹیم کے کپتانوں میں ٹرافیاں جبکہ آفیشلز میں انعامات بھی تقسیم کیئے ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرنل مسعود خان نے کہا کہ ایف سی لوگوں کے معیار زندگی کو بلند بنانے اور ان تک تعلیم سمیت دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے سول محکموں کے ساتھ کوارڈی نیشن میں ہے جبکہ تعلیم اور کھیل کے میدان میں نئی نسل کو بہتر مواقع فراہم کیئے جارہے ہیں نئی نسل کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جائے گا بلکہ ان کی صلاحیات کو برؤئے کار لانے کے لیے دستیاب وسائل میں اقدامات اٹھائیں گے انہوں نے کہا کہ تعلیم نوجوانوں کی ذہنی جبکہ کھیل جسمانی نشوونما کرتی ہے جس کے لیے ہمیں کھیل اور تعلیم کے میدان کو آباد کرنا ہو گا اور جہالت اور منفی سرگرمیوں کو ختم کرنا ہو گا انہوں نے کہا کہ قیام امن اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بھی ایف سی مستعد ہے اور امن دشمن قوتوں کاآخری کمین گاہ تک تعاقب کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ حال ہی میں ایف سی کی کاروائیوں کے دوران 300کے قریب راہ سے بھٹکے ہوئے فراری قومی دھارئے میں شامل ہوکر ملک اور علاقے کی ترقی کے عمل میں شامل ہو گئے ہیں جو خوش آئند اقدام ہے انہوں نے کہا کہ بھٹکے ہوئے لوگوں کی واپسی کے لیے ہمارئے دروازئے کھلے ہیں جبکہ ایسے امن دشمن عناصر جو علاقے کا امن تباہ کرنے پر تُلے ہوئے ہیں انہیں درگور کیئے بغیر ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔