|

وقتِ اشاعت :   March 22 – 2017

کو ئٹہ : صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ اور سیکرٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ نے گوادر میں چکن گونیا بیماری کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم گوادر روانہ کی ہدایت کی ہے۔ پیر کو محکمہ صحت کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رحمت صالح بلوچ کہا کہ عوام کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر میں چکن گونیا کی بیماری پھیلنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی ہیلتھ بلوچستان کی سربراہی میں ڈاکٹروں کی ایک ٹیم گوادر بھجوانے کا حکم دیا اورہدایت کی کہ عوام مفت علاج اور ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہر قسم کے وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے دور درواز علاقوں کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی تعیناتی اور مشینری کی فراہمی کویقینی بنایا جارہا ہے جو ڈاکٹر ڈیوٹی پرحاضر نہیں ہوگا اسکے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لاتے ہوئے نوکری سے فارغ کردیا جائے گا۔