کوئٹہ: اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کی زیر صدارت بلوچستان فیملی پلاننگ2020 ورکنگ گروپ کے قیام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی محترمہ یاسمین لہڑی،رکن صوبائی اسمبلی محترمہ معصوبہ حیات،ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر عمر خان بابر،سیکرٹری صحت عصمت اللہ کاکڑ،سیکریٹری پاپولیشن نورالحق بلوچ،ایڈیشنل سیکرٹری فنانس وجیہہ اللہ کنڈی کے علاوہ پاپولیشن کونسل کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن سمین اشفاق اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں متفقہ طور پر بلوچستان فیملی پلاننگ2020ورکنگ گروپ کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور گروپ کے ٹرمز آف ریفرنس(TORS) اور ممبر شپ سے متعلق مختلف تجاویز پیش کرنے کے بعد اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اسپیکر محترمہ راحیلہ حمید خان درانی بلوچستان ایف پی2020ورکنگ گروپ کی چیئرپرسن ہونگی جبکہ دیگر ممبران میں رکن صوبائی اسمبلی محترمہ یاسمین لہڑی،رکن صوبائی اسمبلی محترمہ معصومہ حیات ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات،سیکریٹری پاپولیشن ویلفیرء سی ای او پی پی ایچ آئی ،صوبائی کوآرڈینیٹر ایل ایچ ڈبلیو،صوبائی کوآرڈینیٹر ایم این سی ایچ اور ڈیویلپمنٹ پارٹنرز کے نمائندے شامل ہونگے۔اجلاس میں بلوچستان بھر میں زچہ و بچہ کی شرح اموات کو کم کرنے اور خاندانی منصوبہ بندی کے ذریعے بلوچستان میں ماں اور بچے کی بقاء کو مزید بہتر بنانے کے عذم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور آبادی کے دباؤ پر قابو پانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جائیں گے اور بلوچستان ایف پی2020ورکنگ گروپ کے قیام سے متعلق جلد نوٹیفکیشن جاری کرکے اس پر علمدرآمد کیا جائے گا۔اس موقع پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے اجلاس کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہوئی ہے کہ پاپولیشن کونسل کی توسط سے آج ہم بلوچستان میں ماں اور بچے کی شرح اموات کو کم کرنے کیلئے ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے جارہے ہیں جس سے نہ صرف ماں اور بچے کی بقا کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ صوبہ بھر کی ماؤں کو خاندانی منصوبہ بندی سے متعلق کونسلنگ کی جانب اہم پیش رفت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ماں کے قدموں تلے جنت ہے ہمیں انہیں مشین نہیں ماں سمجھنا چاہیے۔بلوچستان کے لوگ محبت،عزت اور پیار دینے والے لوگ ہیں ان کو خاندانی منصوبہ بندی کی جانب کائل کرنا بہت آسان ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ایک سوچ کیساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔مشکلات ضرور ہیں لیکن بطور ٹیم ہم تمام رکاؤٹوں کو جلد عبور کرلیں گے۔انہوں نے کہا کہ بحیثیت بلوچستانی ہم اس مشن کی کامیابی کیلئے بھرپور اقدامات کریں گے۔اسپیکر نے کہا کہ جس طرح دیگر صوبوں میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور فیملی پلاننگ کیلئے اقدامات کئے ہیں ہم بھی اسی اسپرٹ کے ساتھ ورکنگ گروپ کی کامیابی کیلئے کام کریں گے۔آخر میں اسپیکر نے ان پر اعتماد کرنے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔