خضدار : بلوچستان نیشنل پارٹی خضدار کے زیر اہتمام یونٹ سازی مہم کے دوران اسد آباد، زیرینہ کھٹان، اور جھالاوان کمپلیکس میں نئے یونٹوں کا افتتاح کیا گیا اس دوران مرکزی رہنما میر عبدالرؤف مینگل، ضلعی صدر آغا سلطان ابراہیم خان احمد زئی، نائب صدر ماما نور محمد مینگل، جنرل سیکرٹری عبدالنبی بلوچ، تحصیل خضدار کے آرگنائزر سید سمیع اللہ شاہ ، ڈپٹی آرگنائزر عالم مینگل، سینئر رہنما سردار بلند خان غلامانی، رئیس غلام مصطفی گزگی، سفر خان مینگل، ڈاکٹر محمد بخش مینگل، و دیگر نے مختلف یونٹوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی بلوچ عوام کے امنگوں کا ترجمان رہا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ایک سیاسی پارٹی قوم پرستی کا لبادہ اوڑھ رہے ہیں۔ قوم کو بیوقوف بنا کر عوام کے فنڈز کو عوام میں استعمال کرکے اپنا قد بڑھا نا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ خضدار میں ایک صوبائی وزیر سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کر رہا ہیں ۔ عوام کے نام پر لائے ہوئے پیسوں اور فنڈز کو اپنے من پسند افراد میں تقسیم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عوامی فنڈز عوام کے حقوق ہے ان کو عوام کو دینا ہے ۔ اگر نہیں دیا گیا تو عوام اپنے فنڈز کو زبردستی بھی لے سکتا ہے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں طعنہ دینے والے اپنے گریبان میں جھانک کر دیکھ لیں کہ صوبائی وزیر کے عہدے پر فائز رہنے کے باوجود خضدار جل رہا تھا۔ خضدار میں موجود ہونے کے باوجود انہوں نے ایک بیان تک جاری نہیں کیا۔ آخر میں انہوں نے نیشنل پارٹی سے مستعفی ہوکر بلوچستان نیشنل پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کرنے پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ شامل ہونے والے لوگ بلوچستان نیشنل پارٹی کا پیغام گھر گھر پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔