گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ سی پیک اور اپنی گہرے پانی کی بندرگاہ کی بدولت گوادر جلد ایک بین الاقوامی ساحلی شہر بننے جا رہا ہے جو معاشی اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کا مرکز ثابت ہوگا۔بلوچستان اپنے قیمتی معدنی وسائل ، منفرد جغرافیائی محل وقوع اور طویل ساحل کی وجہ سے اہمیت کا حامل صوبہ ہے جو پاکستان کو معاشی واقتصادی استحکام کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔حکومت گوادر کے عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے کئی ایک منصوبوں پر کام کر رہی ہے جبکہ تعلیم ،صحت ، مواصلات ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت دیگر منصوبے سی پیک میں بھی شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوادر جیم خانہ کی لانچنگ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین ویژنری گروپ احمد اقبال بلوچ میں موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر میں چین کے تعاون سے ملک کا سب سے بڑا بین الاقوامی ائیرپورٹ بھی تعمیر کیا جا رہا ہے ، فری زون کا افتتاح ہو چکا ہے اور حکومت نے صنعت کاروں کے لیے ضروری مراعات کی فراہمی کا اعلان بھی کیا ہے۔حکومتی اقدامات کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے اور بڑی تعداد میں سرمایہ کار گوادر کا رخ کر رہے ہیں گوادر ملک کا دوسرا شہر ہوگا جس کو باقاعدہ منصوبہ بندی کے ساتھ تعمیر کیا جارہا ہے، جس کے لیے جامع ماسٹر پلان تیار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ جانتے ہیں کہ کسی بھی شہر کو بنانے میں بنیادی ڈھانچہ اہمیت رکھتا ہے جس کے تحت وہاں کے عوام کو زندگی کی تمام ضروریات فراہم ہو سکیں۔گوادر کی ترقی میں ہمیں اپنے دوست ملک چین کی بھرپور معاونت حاصل ہے ، گوادر ترقی کریگا تو یہاں بڑی تعداد میں ناصرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کار بھی آئیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یہاں موجود بزنس کمیونٹی کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور گوادر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ گوادر میں سرمایہ کار دوست ماحول، تحفظ اور تمام مراعات فراہم کی جائیں گی جو سرمایہ کاری کے فروغ میں اہمیت رکھتی ہیں آپ کا سرمایہ نہ صرف محفوظ رہے گابلکہ اس میں اضافہ بھی ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یہ کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ بلوچستان تبدیل ہو رہا ہے اور آج کا بلوچستان ماضی کے بلوچستان سے بہت مختلف ہے۔گذشتہ دنوں وزیراعظم محمد نواز شریف کے گوادر کے دورے کے دوران عظیم الشان جلسہ عام میں ہزاروں افراد کی شرکت اس بات کا مظہر ہے کہ بلوچستان کے عوام ترقی چاہتے ہیں اور اس حوالے سے انہیں اپنی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایک پڑھا لکھا ، پرامن اور خوشحال بلوچستان ان کا ویژن ہے جس کی تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائیگا۔ دبئی ،سنگاپور اور دیگر بین الاقوامی ساحلی شہروں کی طرح گوادر میں صحت مند تفریحی سہولتوں کی فراہمی بھی گوادر کی ترقی کا حصہ ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہم کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، اب بلوچستان کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ احمد اقبال بلوچ نے گوادر کی مستقبل کی ضرورتوں کو محسوس کرتے ہوئے یہاں ایک معیاری اور جدید جیم خانہ کی بنیاد رکھی جہاں کھیلوں ، تفریحی سرگرمیوں اور رہائش سمیت دیگر تمام ضروری سہولیات دستیاب ہونگی اور یہ جیم خانہ گوادر کی ترقی میں اہم کردار ادا کریگا۔اس قسم کے ادارے تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ سماجی رابطوں کے فروغ میں بھی اہم کردار کے حامل ہوتے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ باہر سے آنے والوں کے ساتھ ساتھ گوادر کے مقامی لوگ بھی ان سہولتوں سے استفادہ کر سکیں گے اور انہیں خصوصی رعایت حاصل ہوگی۔تقریب سے چیئرمین ویژنری گروپ احمد اقبال بلوچ نے بھی خطاب کیا اور منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔