|

وقتِ اشاعت :   March 28 – 2017

لاہور: پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ و سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو مکمل طورپر بااختیار اورپارٹی کی قیادت بھی کررہے ہیں ،کارکن اور رہنما پارٹی پر حملہ کرنے والوں کو جواب دینے کے لئے بااختیار ہیں،عملی طور پر میدان میں نکل آئے ہیں یہی وجہ ہے کہ کچھ لوگوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں،آئندہ عام انتخابات کیلئے عوام اور کارکنوں سے رابطے بڑھائے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاؤس لاہور میں راولپنڈی اور سرگودھا ڈویژن کے ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداروں کے الگ الگ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر قمر زمان کائرہ، ندیم افضل چن ، مصطفی نواز کھوکھر سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر پارٹی امور سمیت مجموعی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ آصف علی زرداری نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلاول بھٹو مکمل طورپر بااختیار ہیں اورپارٹی کی قیادت بھی کررہے ہیں ،بلاول کی جوانی اور ہمارا تجربہ نئی طاقت پیدا کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوامی جماعت ہے اور سب نے اسے ثابت کرنا ہے ۔ عوام اور کارکنوں سے رابطے بڑھائے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پوری طاقت سے میدان عمل میں نکلے گی ، تمام سر گرمیاں آئندہ عام انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے ترتیب دینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت پورے پنجاب میں جلسے کرے گی اور ہمارے اعلان کی وجہ سے کچھ لوگوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارکن راولپنڈی کے چکری میں جلسے کی تیاری کریں ان سے آئندہ ملاقات چکری جلسہ گاہ میں ہوگی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی پر جو حملہ کرے گا کارکن اور رہنما جواب دینے کے لئے بااختیار ہیں ، پراپیگنڈا کرنے والوں کو بھرپور جواب دیا جائے ۔