کراچی : گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ معلومات تک رسائی کے بل پر آج دستخط کر دوں گا جس کے بعد بل قانونی شکل اختیار کر لے گا، معاشرہ میں صحافت ریاست کا چوتھا ستون گردانا جاتا ہے ، پاکستان میں جمہوریت کے تسلسل اور استحکام میں صحافت نے کلیدی کردار ادا کیا ،فلاحی معاشرہ کی تشکیل میں صحافت حکومت کا ساتھ دے اور معاشرہ میں پائی جانے والی نا ہمواری ، امتیازی سلوک ، عوامی فلاحی بہبود کے کاموں میں رہ جانے والی کمی اور برائیوں کی نہ صرف نشاندہی کرے بلکہ اس ضمن میں حکومت کو اس کے خاتمہ میں موئثر تجاویز بھی دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں سی پی این ای کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد کی قیادت سی پی این ای کے سیکریٹری جنرل اعجاز الحق کررہے تھے جبکہ وفد میں جمیل اطہر قاضی، امیتاز عالم ، قاضی اسد عابد ، عامر محمود ، ڈاکٹر عبد الجبار خٹک، فیصل زاہد ملک ، شبیر چوہدری ، غلام نبی چانڈیو ، ڈاکٹر وقار یوسف عظیمی ، عبد الرحمان منگریو، سعید خاور ، مقصود یوسفی ، قاضی سجاد اکبر ، قاضی محمد مصطفی، ناصر داد بلوچ ، منگل داس اروانی ، یونس مہر ، عثمان عارب ساٹی، بشیر احمد میمن ، کاشف حسین میمن ، منصور کو رائی ، ممتاز علی پھلپوٹو ، عبد الحمید حسین، امتیاز قاضی ، شیر محمد کھاوڑ، سلمان قریشی ، سید محمد رضا شاہ ، تقی علوی، جمیل اختر ، رفیق پیر زادہ اور زاہدہ عباسی شامل تھے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013 سے با الکل مختلف ہے امن و امان ، سرمایہ کاری ، سی پیک ، تونائی کے حصول کے ضمن میں میگا پروجیکٹس کی تعمیر سمیت دیگر حکومتی اقدامات سے ملک خوشحالی کی جانب گامزن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ با الخصوص کراچی میں امن و امان کے قیام کے بعد غیر ملکی سرمایہ کاری میں تیزی آرہی ہے جبکہ سی پیک منصوبہ سے کراچی کی افادیت کھل کر سامنے آئے گی ، خطہ کے اہم مقام پر ہونے کے باعث کراچی کو سرمایہ کاری میں مرکزی حیثیت حاصل ہے ،ایک اور سوال کے جواب میں گورنر محمد زبیر نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے اس کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں اسے عالمی معاشی نقشہ پر نمایاں مقام دلانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے ، شہر کے صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے تاکہ معاشی سرگرمی مزید تیز ہو سکے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں اس وقت بجلی کا شارٹ فال 5000میگا واٹ ہے اور مارچ 2018 ء تک زیر تکمیل منصوبوں سے نیشنل گرڈ میں 10500 میگا واٹ بجلی کا اضافہ متوقع ہے اس طرح ہم اپنی طلب سے زائد بجلی حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ الیکن کمیشن کے تعاون سے حکومت شفاف انتخابات کے انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ وزیر اعظم کے دورہ سندھ کے حوالہ سے پوچھے گئے سوال پر گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ڈیڑھ ماہ کے دوران صوبہ کے پانچ دورے کرچکے ہیں اس سے اندا زہ لگایا جا سکتا ہے کہ وزیر اعظم صوبہ کی ترقی کے لئے بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں ، وزیر اعظم کی ذاتی خواہش ہے کہ صوبہ میں تعلیم ، صحت ، مواصلات و انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لئے ہر اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ صوبہ ترقی و خوشحالی کی نئی منازل طے کرسکے ۔ صوبہ میں پانی کی کمی اور زراعت پر عدم توجہ کے حوالہ سے سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ پانی زندگی کی بنیادی ضرورت جبکہ زراعت ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے اس ضمن میں صوبہ کی ضروریات کے مطابق پانی کا حصول اور زراعت پر بھرپور توجہ دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں وفاق کے تعاون سے جاری تمام منصوبوں کو مقررہ وقت پر ہی مکمل کرلیا جائے گا تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف حاصل ہو سکے ۔