|

وقتِ اشاعت :   March 30 – 2017

امیریکن ایئر لائن نے تصدیق کی ہے کہ اس کے ایک پائلٹ کی دوران پرواز موت ہوگئی ہے۔ یہ فلائٹ ڈیلاس سے نیو میکسیکو کے علاقے البوکرکی جا رہی تھی۔ البوکرکی ہوائی اڈے کے ترجمان کے مطابق بوئنگ 737-800 اپنی منزل سے دو میل کے فاصلے پر تھا جب کپتان کی جانب سے طبی ہنگامی حالت کے بارے میں الرٹ کیا گیا۔ طیارے کو بحفاظت لینڈ کر لیا گیا اور اس واقعے میں کوئی بھی مسافر زخمی نہیں ہوا۔ امیریکن ایئرلائن نے پائلٹ کی شناخت فرسٹ آفیسر ویلیئم مائیک گربس کے نام سے ظاہر کی۔ امریکی میڈیا نے ائیر لائن کے ترجمان کے حوالے سے بتایا ہے کہ پائلٹ کے خاندان کے ساتھ تعاون کیا جا رہا ہے اور اس مشکل وقت میں ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ اس سے پہلے سنہ 2015 میں بھی امیریکن ایئر لائن کے ایک پائلٹ کی دوران پرواز موت ہوگئی تھی۔ یہ فلائٹ فیونکس سے بوسٹن جا رہی تھی اور ساتھی پائلٹ نے یہ پرواز بہ حفاظت قریبی ہوائی اڈے کی جانب موڑ لی تھی۔