|

وقتِ اشاعت :   March 31 – 2017

کوئٹہ: بلوچستان کے سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن عبداللہ جان کا اغواء کے پندرہ روز بعد بھی کوئی سراغ نہ مل سکا۔ محکمہ داخلہ نے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنادی۔ دو مشتبہ اغواء کاروں کی تصاویر بھی جاری کردی گئیں۔ سیکریٹری ہائیر ایجوکیشن بلوچستان عبداللہ جان کو نامعلوم افراد نے کوئٹہ کے علاقے بروری روڈ وحدت کالونی سے پندرہ مارچ اغواء کیا تھا۔ پولیس کی تفتیشی ٹیمیں اب تک ملزمان یا مغوی کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق پولیس کی انویسٹی گیشن اور آئی ٹی سیکشن کی ٹیمیں معاملے کی تفتیش کررہی ہیں۔ جبکہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر زاہد کی سربراہی میں سات رکنی جے آئی ٹی بھی تشکیل دیدی گئی ہے۔ دیگر ممبران میں آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی، ایف سی، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ کا ایک ایک نمائندہ شامل ہے۔ دریں اثناء پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیجز کی مدد سے جائے واردا ت پر مشکوک سرگرمیوں میں ملوث دو افراد کی تصاویر جاری کرتے ہوئے عوام سے ان کی گرفتاری میں مدد کی اپیل کی ہے۔