|

وقتِ اشاعت :   April 2 – 2017

پورٹ آف اسپین: ویسٹ انڈیز نے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ پورٹ آف اسپین میں کھیلے گئے میچ میں گرین شرٹس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے جس کے جواب میں میزبان ٹیم نے ہدف باآسانی 14.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے اوپننگ بلے باز ایون لیوس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں پر سب سے زیادہ 91 رنز بنائے، مارلن سیموئلز18 اور چیڈوک والٹن ایک رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ جیسن محمد 17 اور لینڈل سیمنز 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے سہیل تنویر، وہاب ریاض اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس کی جانب سے احمد شہزاد اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا لیکن اوپننگ بلے باز احمد شہزاد پہلے اوور کی دوسری ہی گیند پر 4 رنز بنانے کے بعد بولڈ گئے جس کے بعد نئے آنے والے بلے باز عماد وسیم کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔ تیسری وکٹ پر کامران اکمل اور بابراعظم نے محتاط انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 88 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 92 تک پہنچا تو کامران اکمل 48 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کامران اکمل کی جارحانہ بیٹنگ کے بعد شعیب ملک 2، بابراعظم 43، سرفراز احمد 3 اور فخرزمان 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیمول بدری نے 2، سنیل نارائن، کارلوس بریتھ ویٹ، کیسرک ولیم اور مارلن سیموئلز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ گرین شرٹس نے 4 میچز پر مشتمل سیریز کے ابتدائی 2 میچز میں کامیابی حاصل کی تھی اور دونوں میچز میں شاداب خان میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔