موغا دیشو: صومالیہ کے بحری قذاقوں نے مال بردار پاکستانی بحری جہاز ’’ایم وی سلامہ 1‘‘ اغوا کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبرایجنسیوں کے مطابق مال بردار پاکستانی بحری جہاز ’ایم وی سلامہ 1‘ غذائی اجناس لے کر صومالیہ کی طرف جارہا تھا کہ اسے وسطی صومالیہ سے متصل سمندر میں اغوا کرلیا گیا اور قذاقوں نے اس پر سوار تمام افراد کو یرغمال بنالیا۔ البتہ اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ بحری جہاز پر کتنے افراد موجود تھے اور نہ ہی اب تک قذاقوں کی طرف سے کوئی مطالبہ سامنے آیا ہے۔
صومالیہ کے ساحلی قصبے ہوبیو کے میئر بدالاہی احمد علی کا کہنا ہے کہ سلامہ 1 کو ’’الحر‘‘ نامی گاؤں کی جانب لے جایا گیا ہے جہاں دو روز قبل اغوا کیے گئے بھارتی بحری جہار ’’الکوثر‘‘ کے عملے کو رکھا گیا ہے۔
اس سے ایک روز پہلے انہی صومالی بحری قذاقوں نے بھارتی مال بردار بحری جہاز ’’الکوثر‘‘ کو بھی اغوا کرکے اس کا عملہ یرغمال بنالیا تھا۔ اس طرح یہ 48 گھنٹے کے دوران صومالی بحری قذاقوں کی دوسری جبکہ گزشتہ سات دنوں میں تیسری واردات ہے۔