|

وقتِ اشاعت :   April 9 – 2017

نوشہرہ: امام کعبہ شیخ صالح بن ابراہیم آل طالب کا کہنا ہے کہ دین اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے اور اس کا کسی دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق نہیں لیکن کچھ عناصر اسلام کی غلط تشریح کر کے دہشت گردی پھیلانا چاہتے ہیں۔ نوشہرہ میں جے یو آئی (ف) کے صد سالہ اجتماع کی تقریبات کے آخری روز شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امام کعبہ کا کہنا تھا کہ اس اجتماع کا سب سے بڑا مقصد امت مسلمہ کو امت واحد بنانا ہے، دین اسلام سلامتی اور امن کا دین ہے اور اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے کیونکہ اسلام دہشت گردی سے دور رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی ملک کی معشیت کو تباہ کرتی ہے جب کہ تمام علماء دہشت گردی کے خلاف کھڑے ہیں لیکن کچھ لوگ اسلام کی غلط تشریح پیش کر کے دنیا میں دہشت گردی پھیلانا چاہتے ہیں۔ امام کعبہ کا کہنا تھا کہ دنیا بھرمیں پھیلے مدارس لوگوں تک دین پہنچا رہے ہیں جب کہ امت مسلمہ امت رحمت ہے اور امت اپنے مقامات مقدسہ کی حفاظت کرنا جانتی ہے، آج پوری دنیا کی نظریں پاکستان پر لگی ہیں۔