راولپنڈی: پاکستان مخالف سرگرمیوں کے الزام میں بلوچستان سے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔
پاکستان مخالف سرگرمیوں کے الزام میں بلوچستان سے گرفتار بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستان دشمن سرگرمیوں میں ملوث بلوچستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو سزائے موت سنا دی گئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی جاسوس کی سزائے موت کی توثیق بھی کر دی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر جاسوس کلبھوشن یادیو کو گزشتہ برس بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا اور دوران تفتیش اس نے بلوچستان سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں تخریب کاری کی کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا۔
کلبھوشن یادیو سے کی جانے والی تحقیقات کی روشنی میں ہی بھارتی خفیہ اداروں کے نیٹ ورک کو پکڑا گیا تھا اور اس حوالے سے پاکستان سے اقوام متحدہ سمیت مختلف بین الاقوامی فورم پر آواز بھی اٹھائی تھی جب کہ اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب ملیحہ لودھی نے بھارت کی پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے ثبوت بھی اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے حوالے کئے تھے۔