|

وقتِ اشاعت :   April 11 – 2017

کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر ووزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) صحیح معنوں میں ایک سیاسی و جمہوری جماعت ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں، وزیراعظم محمد نواز شریف کی ملک دوست پالیسیوں سے مسلم لیگ کی ملک گیر مقبولیت میں بے پناہ اضافہ ہو ا ہے، جس کے اثرات بلوچستان میں بھی دیکھے جا سکتے ہیں اور یہاں بھی پارٹی فعال اور مستحکم ہو رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی مشیر معدنیات حاجی محمد خان لہڑی کی قیادت میں نصیر آباد کے معتبرین کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گذشتہ ڈیڑھ سال کی مدت میں بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے ہیں، ہم عوام کو زندگی کی بنیادی سہولتیں ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں اور صوبے کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز کی ترقی کے لیے 20 بیس کروڑ روپے لاگت کے ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے جن کی تکمیل سے عوام ناصرف مثبت تبدیلی محسوس کریں گے بلکہ شہری سہولتوں میں بھی اضافہ ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھی ملک بھر کی طرح بلوچستان میں مسلم لیگ(ن) بھاری اکثریت حاصل کر کے حکومت بنائے گی، کارکن اور پارٹی رہنما انتخابات کی تیاری شروع کرتے ہوئے عوام سے اپنے رابطوں کو مضبوط بنیادوں پر استوار کریں اور گھر گھر پارٹی پیغام پہنچائیں۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو اپنے علاقے کے مسائل کے ساتھ ساتھ گندم کی خریداری کی پالیسی کو اب تک حتمی شکل نہ دئیے جانے کے باعث علاقے کے کاشتکاروں اور زمینداروں میں پائی جانے والی بے چینی سے آگاہ کرتے ہوئے درخواست کی کہ کاشتکاروں کے بہترین مفاد کو سامنے رکھتے ہوئے صوبائی حکومت گندم کی خریداری کا عمل شروع کرے، وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ اس حوالے سے جلد فیصلہ کر لیا جائیگا۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ سے صوبائی وزراء شیخ جعفر خان مندوخیل، میر سرفراز بگٹی، عبیداللہ جان بابت، وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی میر امان اللہ نوتیزئی، رکن صوبائی اسمبلی میر عبدالکریم نوشیروانی، سابق صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی، پی ٹی آئی کے رہنما نوابزادہ ہمایوں خان جوگیزئی اور وزیراعلیٰ کے کوآرڈینیٹر جمال شاہ کاکڑ نے بھی ملاقات کی، اس موقع پر صوبے کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی عمل کی پیش رفت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کو سراہتے ہوئے بتایا کہ ان کے اضلاع میں ڈی ڈی پی کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جنہیں عوام کی جانب سے بھرپور پزیرائی مل رہی ہے۔