ونی پیگ، مینی ٹوبا: آپ نے پچپن میں مختلف اشیا کی چوری سے متعلق نِک ویلوٹ کی کہانیاں سنی ہوں گی جن میں حیرت انگیز چوریوں کے دلچسپ واقعات شامل کیے جاتے تھے لیکن اب کینیڈا سے اطلاع آئی ہے کہ چور ایک ایسا سیل فون ٹاور لے اڑا جس کی اونچائی 5 سے 6 منزلوں کے برابرتھی۔
یہ واقعہ کینیڈا کے کم آبادی والے صوبے مینی ٹوبا کے شہر ونی پیگ میں پیش آیا جہاں ایک علاقے میں سیل فون ٹاور چوری ہوگیا جس کی اونچائی 68 فٹ (قریباً 20 میٹر) تھی۔ یہ وائرلیس اور سیل فون نشریات آگے بڑھانے والا ایک ٹاور تھا اور گزشتہ دنوں رائل کینیڈین پولیس نے اس کے غائب ہونے کا نوٹس لیا اور اس سے متعلق اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر چند تفصیلات شامل کی ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ ٹاور 2 اپریل 2017 کی رات غائب ہوا، چور راتوں رات ٹاور کو کھول کر اسے ایک سرخ ٹرک پر لے گئے ہیں جسے 3 اپریل کو شہر سے مشرق کی جانب جاتے دیکھا گیا ہے۔ پولیس کا شبہ ہے کہ چوروں نے ایک رات ٹاور کو اپنے پاس رکھا اور انہوں نے بہت احتیاط سے اس کے حصے کھول کر ٹرک پر لادے۔