اسلام آباد: قومی احتساب بیورو(نیب)کے ایگزیکٹوبورڈ نے دوکرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری دیدی، جبکہ مختلف کرپشن شکایات پرچارانکوائریاں شروع کرنے کافیصلہ کیاہے،تانبے کی آڑمیں سونے کے ذخائر کی غیرقانونی تلاش پرسینڈک میٹلزلمیٹڈ کی انتظامیہ کیخلاف ٹیکنیکل اورفرانزک رپورٹس کاماہرین سے تجزیہ کرایاجائیگا،چیئرمین نیب قمرزمان چودھری نے نیب کے تمام افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شکایات کی تصدیق، انکوائریوں اور تحقیقات میں قانون ،میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنائیں۔بدھ کو نیب ایگزیکٹوبورڈ کااجلاس چیئرمین قمرزمان چودھری کی زیرصدارت ہوا نیب بورڈ نے دوکرپشن کیسوں کے ریفرنس عدالتوں میں دائرکرنے کی منظوری دی پہلا ریفرنس یونیورسٹی آف پشاور کے سابق وائس چانسلر عظمت حیات خا ن اوردیگر کیخلاف دائر کیاجائیگا اس کیس میں ملزمان پر اختیارات کے غلط استعمال کے ذریعے مہنگے نرخوں اراضی کی خریداری کاالزام ہے جس کے ذریعے قومی خزانے کو 62.38 ملین روپے کانقصان پہنچایا گیا دوسرا کرپشن ریفرنس بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے سابق چیئرمین محمداشرف مگسی اوردیگر کیخلاف دائر کیاجائے گا اس کیس میں ملزمان نے اختیارات کاغلط استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طریقے سے اپنے رشتے داروں کو مختلف عہدوں پربھرتی کیا۔ نیب بورڈ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے افسروں کی طرف سے پی سی ون اور پی سی ٹو کی منظوری کے بغیر دو ارب ساٹھ کروڑ روپے کی مشینری خریدنے پرتحقیقات کی منظوری دی ہے۔نیب بورڈ نے کرپشن شکایات پر چارمختلف انکوائریوں کی منظوری دی علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سابق ملازم عبدالعزیز اوردیگر کیخلاف انکوائری ہوگی اس کیس میں ملزما ن نے دھوکہ دہی سے یونیورسٹی ٹاؤن ہاؤسنگ سکیم میں پلاٹوں کے نام پر عوام سے پیسے اکٹھے کئے۔علی خان، آصف علی گوہر اورعادل خان جوکھیو کیخلاف سٹیٹ بنک آف پاکستان کی شکایت پرانکوائری ہوگی بہاؤالدین زکریایونیورسٹی کے ڈاکٹراسحاق فانی اوردیگر کیخلاف انکوائری ہوگی اس کیس میں ملزمان پرمبینہ طورپر غیرقانونی بھرتیوں ،فنڈز میں خرد برد کے ذریعے قومی خزانے کو193ملین روپے سے زائد نقصان پہنچانے کاالزام ہے ۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی انتظامیہ کیخلاف انکوائری ہوگی اس کیس میں ملزمان نے کرپشن اوراختیارات کے ناجائز استعمال سے قومی خزانے کو 120ملین روپے سے زائد کانقصان پہنچایا۔