|

وقتِ اشاعت :   April 15 – 2017

کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما، ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے جمعہ کے روز یہاں ملاقات کی، ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے ملک و صوبے کی سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے صوبے میں امن کے قیام اور صوبے کی ترقی کے لیے وزیراعلیٰ بلوچستان کی کاوشوں کو سراہا ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے وزیراعلیٰ کا منصب سنبھالتے وقت امن و امان کی بحالی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ صوبے کے دیرینہ مسائل کے حل کے جو وعدے کئے تھے، ان پر بتدریج عملدرآمدکیا جا رہا ہے، حکومتی کوششوں کے نتیجے میں صوبے میں امن و استحکام قائم ہوا ہے، مانگی ڈیم اور اس جیسے مدتوں سے تعطل کا شکار منصوبوں کے آغاز کے ساتھ ساتھ عوام کی ترقی و خوشحالی کے دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے وزیراعلیٰ نے گذشتہ دنوں ایس ایس جی سی حکام کے ساتھ ضلعی ہیڈکوارٹروں میں ایل پی جی پلانٹ کی تنصیب اور پائپ لائن کے ذریعے عوام کو گیس کی فراہمی کے طے پائے جانے والے منصوبے کی تفصیلات سے بھی مولانا عبدالغفور حیدری کو آگاہ کیا، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے گیس کی فراہمی کے منصوبے کو اہم قرار دیا۔ ملاقات میں صوبائی مشیر محمد خان لہڑی، رکن صوبائی اسمبلی پرنس علی احمد بلوچ بھی موجود تھے۔