کوئٹہ: کمشنر مردم شماری بلوچستان پسند خان بلیدی نے کہا ہے کہ صوبے کے پندرہ میں سے تیرہ اضلاع میں مردم وخانہ شماری کے پہلے مرحلے کاکام سو فیصد مکمل کرلیا ہے کیچ اور آواران میں سیکورٹی مسائل کی وجہ سے کچھ کام باقی ہے جو جلد مکمل کرلیں گے۔ یہ بات انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،پسند خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے پندرہ اضلاع میں خانہ ومردم شماری کا پہلا مرحلہ پندرہ مارچ کو شروع ہوا تھا جو آج پندرہ اپریل کو ختم ہوگیا پندرہ اضلاع میں سے تیرہ اضلاع میں خانہ ومردم شماری کاکام سو فیصد مکمل کرلیا ہے تاہم ضلع کیچ اور آواران میں سیکورٹی مسائل کی وجہ سے کچھ کام باقی ہے ،ان دونوں اضلاع میں بھی جلد کام مکمل کرلیں گے۔، کمشنر مردم شماری نے بتایا کہ خانہ ومردم شماری کے پہلے مرحلے میں کوئی بڑی شکایات نہیں ملی ،پہلے مرحلے میں عوام نے مردم شماری کے عملے کے ساتھ بھرپور تعاون کیا، ،پسند خان بلیدینے بتایا کہ مردم وخانہ شماری کے حتمی اعدو شمار کا اعلان محکمہ شماریات اسلام آباد سے کرے گاتاہم 1998کی مردم شماری کے لحاظ سے کوئٹہ سمیت شہروں کی آبادیوں میں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے دیگر سترہ اضلاع میں خانہ ومردم شماری 25اپریل سے شروع ہوگی ۔