|

وقتِ اشاعت :   April 18 – 2017

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کوئٹہ میں کریکر بم کے دھماکے میں ایک کمسن بچے کے جاں بحق اور دوبچوں کے زخمی ہونے پر دلی غم و رنج کا اظہار کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے انسپکٹر جنرل پولیس کو ہدایت کی ہے کہ واقعہ کی فوری تحقیقات کرکے اس میں ملوث عناصر کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے جاں بحق اور زخمی بچوں کے والدین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جواررحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطا کرے۔ وزیراعلیٰ نے زخمی بچوں کو حکومتی اخراجات پر علاج و معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔