کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ڈویژنل اور ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں شہری سہولتوں کی فراہمی کے بنیادی ڈھانچہ کی ترقی کے ڈویژنل اینڈ ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج پر عملدرآمد کے آغاز میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اس میں حائل رکاوٹوں کو فی الفور دور کرکے ان پر فوری آغاز کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات اور سیکرٹری خزانہ کو مذکورہ پیکج پر عملدرآمد کیلئے ڈویژنل کمشنروں /پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو ضروری گائیڈ لائن جس میں ترقیاتی سکیموں کے تکنیکی اور مالی امور شامل ہیں جاری کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ پیکج پر جلدازجلد عملدرآمد کا آغاز کرکے منصوبوں کی تکمیل کے ذریعے عوام تک ان کے ثمرات پہنچائے جاسکیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج پر اب تک کی پیشرفت کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔