|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2017

کوئٹہ : چیف سیکریٹری بلوچستان شعیب میر نے منگل کے روز ضلع پشین کے ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پشین عطارق الرحمن بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر انعام الحق قریشی سمیت دیگر اعلیٰ حکام ان کے ہمراہ تھے۔ چیف سیکریٹری نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی اور معیاری تعلیم کا فروغ صوبائی حکومت کی اہم زمہ داریوں میں شامل ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے۔ جس کے لئے حکومت نے ان دو شعبوں میں رواں مالی سال کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی قوم بغیر تعلیم کے ترقی نہیں کرسکتی اور اعلیٰ تعلیم ہی ملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے کوئی کسر نہ چھوڑی جائے کیونکہ طب کا شعبہ ایک مقدس پیشہ ہے اور ان دو شعبوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کا مقصد بھی یہی ہے کہ یہاں کے عوام کو معیاری تعلیم کے مواقع اور صحت کی تمام معیاری طبی سہولیات میسر ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ عوام کے معیار زندگی بہتر اور رقم کا ضیاع بھی نہ ہو اور منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے اور اس مرض کو ہر حال میں روکا جانا ہے اور صوبے سے ختم کریں گے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو پولیو مہم کی نگرانی کرنے کی بھی ہدایت کی۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ تمام ضلعی آفیسران اپنے فرائض منصبی احسن طریقے اور ایمانداری سے سرانجام دیں تو معاشرے میں کافی حد تک تبدیلی آسکتی ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلع کی ترقیاتی اسکیموں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔