فیصل آباد: وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین سابق صدر آصف علی زر داری کو ملک کا سب سے بڑا دہشتگرد قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عزیر بلوچ کی طرح آصف زر داری کا ٹرائل بھی فوجی عدالت میں ہونا چاہیے آصف زر داری کے دور میں حسین حقانی کو ایوان صدر میں پناہ دینے پر بھی جے آئی ٹی بننی چاہیے آصف علی زر داری کو ڈاکو کہنے والے عمران خان آج ان کی گود میں جاکر بیٹھ گئے ہیں سپریم کورٹ سے سیاسی تابوت نکالنے والے کا اپنا جنازہ نکل چکا ہے اب لال حویلی سے جنازہ نکلے گا جب ارسلان افتخار پر کرپشن کے الزامات لگے تو اس وقت سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی اخلاقیات کہاں سو رہی تھیں اعتزاز احسن نے سکیورٹی اداروں پر تہمت لگائی ہے اداروں کو تباہ کر نا پیپلز پارٹی کا منشور ہے ۔ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہاکہ پاناما کیس کے فیصلے پر ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا احترام کیا ، کوئی سپریم کورٹ کا فیصلہ مانے یا نہ مانے لیکن جو فیصلہ جے آئی ٹی کریگی ہم اسے من و عن تسلیم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کرینگے انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کے دو ججز صاحبان جنہوں نے اختلاقی نوٹ لکھا ہے وہ بھی قابل احترام ہیں اور تین ججز نے جے آئی ٹی بنانے کا حکم دیا ہے ہم نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کیا ہے انہوں نے کہاکہ سابق صدر آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ آصف زرداری ملک کے سب سے بڑے دہشت گرد اور سندھ میں لینڈ مافیا کے سربراہ ہیں عزیر بلوچ کے انکشافات کا ’’کْھرا‘‘ زرداری کے گھر جاتا ہے، عزیر بلوچ کے بیان پر آصف زرداری کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ جب ایان علی پکڑی جاتی ہے تو پیپلز پارٹی کے پیٹ میں مروڑ اٹھتی ہے ڈاکٹر عاصم کے خلاف کرپشن کی تحقیقات ہوتی ہیں تو بھی پیپلز پارٹی کے پیٹ میں مروڑ اٹھتا ہے اور آصف علی زرداری کا فرنٹ مین شرجیل میمن بھی بہت بڑا ڈاکو ہے ۔عابد شیر علی نے کہاکہ پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہے لیکن پیپلز پارٹی ملک میں نفرت پھیلانا چاہتی ہے آصف زرداری نے ملک کے خلاف سازش کرنے والے حسین حقانی کو کو ایوان صدر میں پناہ دی ہے اس کیلئے بھی جے آئی ٹی بننی چاہیے عابد شیر علی نے کہاکہ آصف زرداری کے ہاتھ سے لے کر پاؤں کے ناخن تک خون میں کرپشن، لوٹ مار اور دہشت گردی رچی بسی ہے، 10 پرسنٹ سے 1000 پرسنٹ اور سرے محل بنانے والے آج ہمیں کرپشن اور اخلاقیات کا درس دے رہے ہیں ٗ عابد شیر علی نے کہاکہ پیپلز پارٹی کی حکومت حاجیوں کے پیسے کھا گئی قوم کا پیسے کھانے والے آج آصف علی زر داری کی کابینہ میں بیٹھے ہوئے ہیں آصف زرداری کا نام کو ای سی ایل میں ڈالنا چاہیے۔عابد شیر علی نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جو کل تک زرداری کو ڈاکو کہتے تھے اور آج ان کی گود میں جا کر بیٹھ گئے ہیں جبکہ شیخ رشید کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ سے سیاسی تابوت نکالنے والے کا اپنا جنازہ نکل چکا ہے، سپریم کورٹ سے تو شیخ رشید کا سیاسی تابوت نکل چکا ہے اب لال حویلی سے ان کا جنازہ نکلے گا اور انہیں کاندھا دینے کیلئے4 لوگ بھی نہیں ملیں گے۔سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کی جانب سے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کے مطالبے پر عابد شیر علی نے کہا کہ جب ان کے بیٹے ارسلان افتخار پر کرپشن کے الزامات لگے تو اس وقت ان کی اخلاقیات کہاں سو رہی تھیں اس وقت سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے استعفیٰ کیوں نہیں دیا ٗہمیں اخلاقیات کا درس دینے خود اپنے بارے میں سوچیں ۔عابد شیر علی نے پیپلز پارٹی کے رہنما چوہدری اعتزاز احسن پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اعتزاز احسن نے سیکیورٹی اداروں پر تہمت لگائی ٗوہ اعتزاز احسن جس نے اپنی بیگم بشریٰ اعتزاز کے نام پر اربوں روپے کے ایل این جی کے ٹھیکے لیے۔عابد شیر علی نے کہا کہ یہ لوگ کس منہ سے ملک کے اعلیٰ ترین اور باعزت ادارے پر باتیں بنا رہے ہیں ٗ یہ منہ اور مسور کی دال ۔انہوں نے کیسے کل پاکستان کے سب سے بڑے ادارے جس کا احترام پوری قوم کرتی ہے اس کے اوپر تہمت لگائی، پیپلزپارٹی کا تو مشنور ہی یہ رہا ہے کہ ملک کے تمام اداروں کو تباہ کردیا جائے۔پی پی قیادت کو مخاطب کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ ان لوگوں نے تو اپنی مرحوم لیڈر بینظیر کے نام پر اربوں اور کربوں کی دولت بنائی ۔عابد شیر علی نے کہا کہ آصف زرداری کا پیسہ کمپیوٹر میں جاتا ہے تو وہ بھی شرمندہ ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مائی حمیدہ کی طرح رونا چھوڑدے ٗجماعت اسلامی کے ٹوپی والے بھی بے پیندے کے لوٹے ہیں ۔