انناس ایک فرحت بخش پھل ہے جس کی افادیت ہر روز بڑھتی جارہی ہے۔ ماہرین کے مطابق انناس کے رس پینے کے کئی اہم فوائد سامنے آئے ہیں۔
انناس وٹامن، معدنیات، اینٹی آکسیڈنٹس اور دیگر اہم اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ان کا استعمال کئی طرح سے مفید ثابت ہوتا ہے۔ ایک طویل عرصے سے اسے سوزش، جسمانی جلن اور بیماری سے بحالی کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ اگرچہ انناس کی 100 کے قریب اقسام ہیں لیکن افادیت کی بنا پر اس کی 8 اقسام کو ہی کاشت اور فروخت کیا جاتا ہے۔
1: امنیاتی نظام کو بہتر بنائے
انناس کے رس کا بہترین مصرف یہ بھی ہے کہ اس سے جسم کا قدرتی دفاعی نظام بیدار ہوتا ہے جو بیماریوں سے لڑتا ہے۔ اسے امنیاتی نظام کہتے ہیں۔ اس ضمن میں فلپائن میں اسکول کے بچوں پر ایک تجربہ کیا گیا اور انہیں ڈبے میں بند انناس روزانہ کی بنیاد پر دیا گیا۔ معلوم ہوا کہ اس سے بچے بیکٹیریا (جراثیم) سے محفوظ رہے اور بیماری کے بعد ان کی بحالی کا وقت بھی کم ہوگیا۔
2: ہاضمے کو بہتر بنائے
انناس میں ایک اہم اینزائم برومیلین موجود ہوتا ہے جو پروٹین کو توڑ کر ہاضمے کے عمل کو بہتر بناتا ہے۔ اس کے علاوہ برومیلین کو کیپسول کی صورت میں بھی فروخت کیا جارہا ہے جو آپریشن کے بعد سوزش، زخم اور دیگر تکالیف کو دور کرتا ہے۔
3: کینسر کا تدارک
ایک تجربے سے ثابت ہوا ہے کہ انناس کا تازہ رس سرطان سے بچاتا ہے۔ اس کے گودے اور جڑ کا رس بچہ دانی اور آنتوں کے سرطان پھیلنے کو روکتا ہے۔ ہارورڈ یونیورسٹی میں کی گئی ایک تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ بی ٹا کیروٹین انناس کا خاص جزو ہے جو کئی طرح کے سرطان کو روک سکتا ہے جن میں پروسٹیٹ کینسر اور بڑی آنت کا سرطان سرِ فہرست ہیں۔
4:جلد کا محافظ
وٹامن سی اور بی ٹا کیروٹین کی موجودگی انناس کو جلد کا بہترین دوست بناتی ہے۔ اس میں موجود بہت سے اینٹی آکسیڈنٹس جلد کی ٹوٹ پھوٹ، جھریوں اور جھلسن کو روکتی ہے۔
5: آنکھوں کے لیے مفید
ہم جانتے ہیں کہ وٹامن سی کا استعمال آنکھوں میں موتیا ہونے کو کئی لحاظ سے کم کرتا ہے۔ ماہرین پہلے ہی برطانیہ کے 1000 جڑواں بچوں پر وٹامن سی اور موتیا کے تعلق پر تحقیق کرچکے ہیں۔ اس لیے یہ موتیا کو روکنے میں بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔
انناس میں چھپے خزانے
زرعی تحقیقی مرکز امریکا کے مطابق ایک کپ یعنی 250 گرام انناس (بغیر چینی) میں 132 کیلوریز، ایک گرام پروٹین، 32 گرام کاربو ہائیڈریٹس، 25 گرام چینی اور نصف گرام فائبر(ریشہ) ہوتا ہے۔ اس کا ایک کپ بڑوں کی روزانہ میگنیشیئم کی 65 فیصد ضروریات پوری کرتا ہے۔ اس کے علاوہ وٹامن سی کی 42 فیصد روزمرہ ضروریات کے لیے یہ کافی ہے۔ جب کہ فولیٹ، وٹامن بی 6 اور تھایامن کی 10 فیصد ضروریات پوری کرتا ہے۔