|

وقتِ اشاعت :   April 26 – 2017

کوئٹہ: یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کتابوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کتاب اور انسانوں کے درمیان گہرا تعلق ہے۔اور کتاب تنہائی کا بہترین ساتھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کتاب طالب علموں کا بہترین زیور ہوتے ہیں۔اور وہی معاشرہ اور اقوام ترقی کرتے ہیں جو کتاب دوست ہوں۔وائس چانسلر نے کہا تربت یونیورسٹی میں کتب بینی کے کلچر کو پروان چڑھانے کے لئے مختلف پروگرام منعقد کئے جاتے ہیں اور اس سلسلے میں رواں سال تربت یونیورسٹی میں ایک قومی کتب میلہ کا انعقاد کیا جائے گاجس میں ملک بھر سے نامور پبلشرز اور بک سیلرز کو کتب میلہ میں سٹال لگانے کے لئے تربت یونیورسٹی مدعو کیا جائے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ تربت یونیورسٹی کی نئی عمارت میں ایک وسیع لائبریری قائم کی گئی ہے جس میں لاکھوں کتابیں رکھی جائیں گی جس سے علاقے میں کتب بینی کے رجحان کو مزید تقویت دینے میں مدد ملے گی۔انہوں کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ اس ریجن میں علم و شعور کو پروان چڑ ھائیں اور کتابو ں کا کلچر عام کریں کیوں کہ کسی ملک اور سماج کی ترقی میں کتابوں کی بہت بڑی اہمیت ہوتی ہے ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی اور افادیت اپنی جگہ ہے مگر کتاب شعوری سماج کا لازمی حصہ ہے جن معاشروں نے ترقی کے منازل طے کیئے ہیں انہوں نے کتب اور کتب بینی سے لازمی رشتہ جوڑاہے۔انہوں نے کتب بینی کے کلچر کو فروغ دینے کے لئے کمیونٹی لائیبریریوں کے قیام کی ضرورت پر زور دیا۔