جرمنی میں جاری خواتین کے جی -20 اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی ایوانكا ٹرمپ نے جب خواتین سے متعلق اپنے والد کے رویے کا دفاع کیا تو انھیں شدید شور شرابے کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ واقعہ جرمنی کے دارالحکومت برلن میں جاری خواتین کے جی -20 اجلاس میں پیش آیا۔ اس دو روزہ کانفرنس میں دنیا کے سب سے امیر20 ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں لیکن فرق یہ ہے کہ یہ کانفرنس عورتوں کے لیے اور ان ہی کے متلعق ہے اسی لیے اسے ڈبلیو 20 یا وومن 20 سمٹ کہا جار رہا ہے۔
ایوانكا ٹرمپ خواتین صنعت کاروں پر ہونے والے پینل ڈسکشن میں جرمنی کی چانسلر انگیلا میرکل اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی صدر کرسٹین لیگارڈ کے ساتھ شریک تھیں۔
جب انھوں نے اپنے والد اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تعریف کرنا شروع کی تو وہاں موجود لوگوں کو یہ ناگوار گزرا۔
جب انھوں نے کہا کہ ان کے والد خواتین کی عزت کرتے ہیں اور خاندان کے تصور میں یقین رکھتے ہیں تو لوگوں نے شور مچا کر ان سے اختلاف کا اظہار کیا۔
خیال رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو خواتین کے متعلق ان کے رویے کے لیے کافی بار تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
گذشتہ سال امریکی صدارتی انتخاب کے لیے مہم کے دوران ان کا ایک پرانا ٹیپ ریلیز ہوا تھا جس میں وہ خواتین کے لیے نامناسب بات کہتے ہوئے نظر آئے تھے۔
اس کے بعد امریکہ کے علاوہ دنیا بھر میں ان کے خلاف مظاہرے ہوئے تھے۔
لیکن جی 20 کے خواتین اجلاس میں ایوانكا نے کہا: ‘میں نے اپنے والد پر ہونے والی تنقید سنی ہے، لیکن میں انھیں اس طور پر نہیں جانتی۔ میں نے ہی کیا، وہ تمام خواتین جو ان کے ساتھ، ان کی کمپنی میں کام کر چکی ہیں وہ ان پر ہونے والی اس قسم کی تنقیدوں سے، ان باتوں سے اتفاق نہیں ركھتیں۔’
ایوانكا نے مزید کہا کہ ان کے والد نے ہمیشہ آگے بڑھنے کے لیے حوصلہ افزائی کی اور ان کے خاندان میں کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں تھی۔
خیال رہے کہ مارچ میں یہ اعلان کیا گیا تھا کہ ایوانكا اپنے والد کی بلا معاوضہ اسسٹنٹ کے طور پر کام كریں گی۔