|

وقتِ اشاعت :   April 28 – 2017

نا معلوم اسمگلروں نے ایرانی مسلح افواج پر حملہ کرکے دس سپاہیوں کو ہلاک کردیا ۔ یہ واقعہ پاکستانی سرحد کے قریب اور تفتان سرحد کے کچھ فاصلے پر میر جاوا شہر کے قریب پیش آیا ۔ اسمگلر، جو جدید ترین اسلحہ سے لیس تھے انہوں نے ایران کے سیکورٹی افواج پر حملہ کیا ، اس حملے میں 8سپاہی موقع پر اور دو بعد میں اسپتال پہنچ کر ہلاک ہوئے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ تصدیق کی ہے کہ ہیروئن کے اسمگلروں نے یہ حملہ کیا ہے ، یہ اسمگلروں کا روٹ ہے ۔ افغانستان میں تیار شدہ ہیروئن کو ایران اور ترکی کے راستے جنوبی یورپی ممالک میں پہنچایا جاتاہے جہاں اس کی زیادہ قیمت حاصل ہوتی ہے ۔ ہیروئن کا استعمال ایران میں بھی ہے لیکن اس کی کھپت اتنی زیادہ نہیں ہے اس لیے اسمگلروں کے گروہ ایک ملک سے دوسرے ملک ہیروئن اور دیگر منشیات اسمگل کرتے رہتے ہیں ۔ اکثر ان اسمگلروں کی جھڑپ ایرانی مسلح افواج سے ہوتی رہتی ہے ۔ پاکستان میں سالوں بعد کوئی ایسا واقعہ پیش آتا ہے ۔ گزشتہ دہائی میں خصوصاً روسی افواج کے خلاف جنگ ہیروئن کی دولت سے لڑی گئی ۔ ایران کے تین ہزار سے زیادہ سپاہی ان اسمگلروں کے ہاتھوں مارے گئے ، اس جنگ میں ایران نے بہت بڑی قربانی دی ۔