|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2017

راولپنڈی: پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ بڑے حد تک ریاستی رٹ بحال کی جا چکی ہے اور ہم مستقل امن اور استحکام کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وادی تیرہ اور خیبر ایجنسی کے پاک افغان سرحدی علاقے کا دورہ کیا جہاں ان کا کورکمانڈرپشاورلیفٹیننٹ جنرل نذیراحمد بٹ اورآئی جی ایف سی خیبرپختونخوا نے استقبال کیا، آرمی چیف نے پورا دن جوانوں کے ساتھ گزارا جہاں انہیں سرحدی سیکیورٹی بہتر بنانے کے اقدامات اور ایف سی خیبر پختونخوا کے نئے ونگز کی تعیناتی پر بریفنگ دی گئی جب کہ آرمی چیف نے پاک افغان بارڈر کے مؤثر سیکیورٹی انتظامات کو سراہا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بارڈر پرمؤثرسیکیورٹی انتظامات نے دہشت گردوں کی نقل وحمل پر قابو پانے میں مدد دی ہے اور مؤثر انتظامات سے سرحد پار دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر بہتر کنٹرول ممکن ہوا ہے جب کہ بڑی حد تک ریاستی رٹ بحال کی جا چکی ہے اور اب ہم دیرپا امن و استحکام کی جانب گامزن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جوانوں کا عزم قابل ستائش ہے، ہماری لازوال قربانیوں کی بدولت قوم ہمارے ساتھ ہے اورمادر وطن کے دفاع کے لیے ہماری قربانیوں کی وجہ سے قوم ہماری حمایت کرتی ہے۔