|

وقتِ اشاعت :   May 1 – 2017

ریاض: سعودی سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ برس مسجد نبوی کے قریب ہونے والے دھماکے میں مبینہ طور پر ملوث پاکستانی شہریوں سمیت 46 افراد کو گرفتار کرلیا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ برس مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کے نزدیک خودکش حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں 46 افراد کو گرفتارکرلیا جن میں پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔ سعودی وزار داخلہ کے ترجمان کے مطابق فورسز نے مشتبہ افراد کو جدہ شہر سے گرفتار کیا جن میں 32 سعودی شہریوں کے علاوہ 14 غیرملکی بھی ہیں جن کا تعلق پاکستان، یمن، مصر، اردن اور سوڈان سے ہے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ 46 افراد کی گرفتاری مسجد نبوی کے باہر ہونے والے خودکش حملے میں ملوث پہلے سے گرفتار شدت پسندوں کے ایک گروپ کے دہشت گردوں کی نشاندہی پرعمل میں آئی جب کہ یہ گروپ جدہ میں امریکی قونصلیٹ کے نزدیک ہونے والے خودکش دھماکے میں بھی ملوث تھا۔ واضح رہے کہ گزشتہ رمضان میں سعودی عرب میں دو دھماکے ہوئے تھے اور مسجد نبوی کے باہر ہونے والے دھماکے میں 4 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔