کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی سے ملحقہ پنجاب کے علاقے راجن پور میں ڈسٹرکٹ وائس چیئرمین ڈیرہ بگٹی کے قافلے پر بم حملے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ لیویز ذرائع کے مطابق ڈیرہ بگٹی سے ملحقہ راجن پور کے علاقے ڈولی میں نامعلوم افراد نے ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی کے وائس چیئرمین قبائلی رہنماء وڈیرہ شاہ مراد مسوری کے قافلے پر ریموٹ کنٹرول بم سے حملہ کیا۔ دھماکے کے نتیجے میں ایک گاڑی کو نقصان پہنچا اور اس میں سوار تین افراد معمولی زخمی ہوئے تاہم وڈیرہ شاہ مراد محفوظ رہے۔ ایف سی حکام کے مطابق گزشتہ روز ایف سی اور حساس ادارے نے ضلع کیچ کے علاقے تمپ میں پھل آباد، کوہاڑ اور دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا ۔ اس دوران چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے دو کلاشنکوف ، ایک ریپیٹر ، مختلف ہتھیاروں کے کاروس اور دیگر تخریبی مواد برآمد کیا گیا۔ ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔سیکورٹی فورسزکی بھاری نفری نے کوئٹہ میں سرچ آپریشن کے دوران مستقل رہائش پذیر اور کرائے کے مکانوں میں رہائش اختیار کئے ہوئے شہریوں کے شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال اور ان کی بائیو میٹرک تصدیق کی ایف سی نے کارروائی کے دوران8 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے گرفتار ملزمان کانا معلوم مقام پر منتقل کر دیا۔