بیجنگ : چین کے ایک اعلیٰ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ملک کے اقتصادی خوشحالی کے لیے اقتصادی راہداری یا سلک روڑ کے پرعزم اقدام کا انحصار اس منصوبے میں شامل ممالک کی جانب سے مضبوط سکیورٹی کو یقینی بنانے پر ہے۔چین میں رواں ماہ 14 اور 15 کو ون روڑ ون بیلٹ کے نام سے اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر 28 ممالک کا اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔اجلاس میں چینی صدر شی جنگ پنگ کے پسندیدہ مصنوبے کے تحت بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر اربوں ڈالر خرچ کر کے ایشیا، یورپ اور افریقہ کے درمیان تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر بات کی جائے گی۔سلک روڑ کی سکیورٹی پر ہونے والے سیمینار میں میں بات کرتے ہوئے داخلی سکیورٹی کے سربراہ مینگ جیناڑو نے کہا ہے کہ اس منصوبے پر اس وقت ہی پیش رفت ہو سکتی ہے جب محفوظ اور مستحکم ماحول ہو گا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سکیورٹی سربراہ مینگ نے شرکا کو بتایا کہ ‘بڑھتا ہوا عالمی تعاون، خطرات اور چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنا اور ون روڑ ون بیلٹ کی سکیورٹی تمام ممالک کی مشرکہ ذمہ داری ہے۔’اس موقع پر پبلک سکیورٹی کے وزیر کؤ شنگچن نے کہا کہ عوام کی سکیورٹی، انسداد دہشت گردی اور بیرون ملک مفادات جیسے عوامل میں پہلے سے زیادہ عملی تعاون کی ضرورت ہے۔انھوں نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ تمام فریقین مشترکہ اور تعاون پر مبنی سکیورٹی کی سوچ کی سرپرستی کریں گی اور ون بیلٹ ون روڑ کے اقدام کی سکیورٹی تعاون کے لیے ایک مربوط طریقہ کار کا قیام عمل میں لائیں۔ابھی تک یہ واضح نہیں کہ اس اجلاس میں کون کون سے ممالک شریک ہوں گے تاہم وزارتِ کی ویب سائٹ پر دی گئی تصاویر میں پاکستان، روس، ویتنام، ترکی، سپین، سعودی عرب، بیلاروس کے جھنڈے نظر آ رہے ہیں۔داخلی سکیورٹی کی وزارت کے مطابق وزیر کؤ شنگچن کو گذشتہ برس ملک کے طاقتور عہدے پر فائز کیا گیا۔چین کے صدر شی جنگ پنگ نے چار برس پہلے عہدہ سنبھالنے کے بعد سے داخلی سکیورٹی کو زیادہ مضبوط بنانے کے حوالے سے اقدامات کیے ہیں جن میں ایک نئے سکیورٹی کمیشن کا قیام بھی شامل ہے۔چین کے نئے سلک روٹ کے حوالے سے کئی ممالک کے حوالے سے خدشات جائز ہیں جس میں خاص کر پاکستان میں چینی کارکنوں پر شدت پسند متعدد بار حملے کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وسطی ایشیا اور چین کے درمیان سلک روٹ کے اہم تجارتی راستے میں آنے والے صوبہ سنکیانگ میں اسلامی شدت پسند کے حوالے سے چین کو مشکلات کا سامنا ہے جہاں پر حالیہ برسوں ہونے والے سلسلہ وار حملوں میں سینکڑوں افراد مارے جا چکے ہیں۔