کوئٹہ: بلوچستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام صدر طارق کدیزئی کی قیادت میں اپنے مطالبات کے حق میں جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے مظاہرہ کیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے مظاہرین سے خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ بلوچستان کے پیرامیڈیکس نے4 مطالبات حکومت کو پیش کئے ہیں جس میں سروس اسٹرکچر ، ملازمین کی اپ گریڈیشن،رسک الاؤنس اور ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس شامل ہے ہمارے یہ مطالبات جائز ہے اور جس کو تسلیم کرنے کے لئے حکومت نے وعدہ کیا تھا تا حال اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے پیرامیڈیکس میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے اور ملازمین گزشتہ15 روز سے اپنے مطالبات کے حق میں سراپا احتجاج ہیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں پیرامیڈیکس کے پرامن احتجاج کو پولیس کی جانب سے سبوتاژ کر کے ملازمین کی بلا جواز گرفتاریاں عمل میں لائی گئی جس کی ہم شدید مذمت کر تے ہیں حکومت اور محکمہ صحت کے ارباب اختیار فوری طور پر ہمارے جائز مطالبات کو تسلیم کریں تاکہ ملازمین میں پائی جانیوالی بے چینی ختم ہو اور اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کر تے ہوئے پرامن طور پر منتشر ہو گئے۔