اسلام آباد: وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے وزیراعظم کے حکم پر عمل درآمد کے بعد نیوز لیکس معاملہ حل ہوچکا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے نیوز لیکس سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے 29 اپریل کو نیوز لیکس کی متفقہ سفارشات کی منظوری دی تھی، تحقیقاتی کمیٹی نے پرویز رشید کے خلاف حکومتی ایکشن کی تائید کی اور طارق فاطمی کو موجودہ عہدے سے ہٹانے کی سفارش کی ، وزارت اطلاعات کے سینئیر آفیسر راؤ تحسین نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، کمیٹی نے متفقہ طور پر کہا کہ راؤ تحسین نے پیشہ ورانہ انداز اختیار نہیں کیا اور انہوں نے نےغیرذمے داری کا مظاہرہ کیا، جس پر کمیٹی نے راؤ تحسین کے خلاف کارروائی کی سفارش کی ہے جب کہ کمیٹی نے ڈان اخبار، ایڈیٹر اور رپورٹر کا معاملہ اے پی این ایس کے سپرد کردیا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ سلامتی سےمتعلق امور پر پرنٹ میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق کی ضرورت ہے، وزیراعظم کے حکم پر متعلقہ اداروں کی جانب سے عمل درآمد کے باعث نیوز لیکس معاملہ حل ہوچکا ہے۔