|

وقتِ اشاعت :   May 14 – 2017

کوئٹہ: سندھ کے ساحلی ضلع بدین میں بلوچستان کانسٹیبلری کے ڈی ایس پی کو منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا۔ دو من سے زائد چرس بھی برآمد کرلی گئی۔

بدین کے پولیس حکام کے مطابق بدین کے سٹی ایریا کی حدود میں کراچی جانے والی شاہراہ پر پولیس نے خفیہ اطلاع پر ایک سلور رنگ کی ویگو گاڑی کو روکا ۔

تلاشی لینے پر کار سے دو من سے زائد چرس ، ایک سرکاری پستول اور کئی گولیاں برآمد ہوئیں۔

گاڑی میں سوار ملزم مولا بخش نے اپنا تعارف بطور پولیس ہیڈ کوارٹر کوئٹہ کے ڈی ایس پی مولا بخش کرایا۔

پولیس کے مطابق ملزم سے برآمد ہونیوالے سروس کارڈ پر ملزم کا عہدہ انسپکٹر کا ہے۔

ملزم نے بدین پولیس کو بتایا ہے کہ اس کی اب ترقی ہوگئی ہے اور وہ کوئٹہ پولیس ہیڈکوارٹر میں بطور ڈی ایس پی خدمات انجام دے رہا ہے۔

بدین پولیس نے الزام لگایا ہے کہ ملزم منشیات اسمگلنگ میں ملوث ہے اور پرائیوٹ گاڑی پر پولیس کی نمبر پلیٹ لگا کر منشیات کراچی اور بدین سمگل کرتا تھا۔

ادھرکوئٹہ میں پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ مولا بخش بلوچستان کانسٹیبلری میں ڈی ایس پی ہے۔