|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2017

کراچی :  چیف آٖ ف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ ان دنو ں چین کے سرکاری دورے پر ہیں۔ اپنی آج کی مصروفیات کے ددران نیول چیف نے چینی بحریہ کے سربراہ وائس ایڈمرل شین جن لانگ سے ملاقات کی۔

چینی بحریہ کے سربراہ نے بیجنگ میں واقع چینی بحریہ کے ہیڈکوارٹرز آمد پر ایڈمرل محمد ذکاء اللہ کا خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر نیول چیف کو روایتی گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ باضابطہ ملاقات سے قبل نیول چیف کو چینی بحریہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

ملاقات کے دوران ایڈمرل محمد ذکاء اللہ نے باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ بحری تعاون بشمول میری ٹائم سیکیورٹی و استحکام، کثیر القومی بحری اتحاد (CMCP)، بحری قذاقی ، منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف آپریشنز اور مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون پر اظہار خیال کیا۔

ایڈمرل ذکاء اللہ نے چینی بحریہ کی کثیرالقومی بحری مشق امن 2017ء میں بھر پور شرکت پر وائس ایڈمرل شین جن لانگ کا شکریہ ادا کیااور امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین بندرگاہوں کے دوروں، دوطرفہ بحری مشقوں اور مختلف سطح پر تربیتی پرگراموں کے ذریعے تعاون مزید فروغ پائے گا۔

چینی بحریہ کے سربراہ نے پاکستان اور چینی بحری افواج کے درمیان مختلف شعبوں میں قریبی اور مضبوط تعلق کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔

پاک بحریہ کے آفیسرز اور جوانوں کی پیشہ ورانہ قابلیت اور عزم و ہمت کی تعریف کرتے ہوئے وائس ایڈمرل شین جن لانگ نے بحر ہند اور اس کے اطراف میں سیکیورٹی کے قیام کے حوالے سے پاک بحریہ کو کاوشوں کو سراہا۔

دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان قائم گہرے روابط پاک چین اقتصاد ی راہداری اور اس سے جڑے پیچیدہ بحری چیلنجز سے نمٹنے کے حوالے سے مزید اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔

اس ضمن میں چیف آف نیول اسٹاف کا حالیہ دورہ خطے کے اندر میری ٹائم سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے دور رس نتائج کا حامل ہوگااور اس دورے کی بدولت دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان دوطرفہ اشتراک فروغ پائے گا۔