|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2017

گوادر :  گوادر شہر میں ٹینکروں کے زریعے پانی کی سپلائی شروع کر دیا گیا ۔ درجنوں ٹینکروں پر مشتمل پہلا قافلہ لیویز فورس کی اسکواڈ میں پانی لیکر شہر پہنچ گیا ۔

تفصیلات کے مطابق آنکاڑہ ڈیم کے مکمل خشک ہونے کے ایک ہفتے بعد ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گوادر شہر اور قریبی علاقوں میں پانی کی فراہمی کیلئے نجی ٹینکروں کے زریعے پانی کی فراہمی کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ۔

گزشتہ روز درجنوں ٹینکروں پر مشتمل کانوائے سوڈ اور میرانی ڈیم سے پانی بھر کر لیویز فورس کی نگرانی و حفاظت میں گوادر شہر پہنچ گیا ۔ پانی کے بڑے ٹینکروں کو محکمہ پبلک ہیلتھ کے ٹینکوں میں ڈال کر پائپ لائن کے زریعے گھروں میں سپلائی کی جائے گی ۔
شہر سے فاصلے والے علاقوں میں براہ راست ٹینکروں کے زریعے پانی مہیا کیا جائے گا۔ زرائع کے مطابق گوادر شہر کیلئے روزانہ ساڑھے چار سے چھ لاکھ لیٹر پانی ٹینکرو ں کے زریعے فراہم کیا جائے گا ۔

شہر میں اس وقت پانی کی روزانہ طلب چیالیس لاکھ لیٹر کی ہے ۔ دوسری طرف ٹینکر مالکان کی اکثریت اپنے پرانے بقایا جات کی عدم ادائیگی کے خلاف ہڑتال پر ہیں اور مطالبہ کر رہے ہیں ۔

گزشتہ ایک سال سے ہمارے پانی کے واجبات ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت پر ابھی تک واجب الادا ہیں ۔ جس کی وجہ سے ہمارے اہل خانہ فاقہ کشی پر مجبور اور ڈیزل پمپ مالکان کے مقروض ہیں ۔

لیکن ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت ایک سال گزرنے کے باوجود ہمارے واجب الادا رقم ادا نہیں کر رہی ہے ۔ جس سے ٹینکر مالکان تذب بذب کے شکار نظر آتے ہیں ۔ جس کے سبب شہر میں پانی کی سپلائی میں خلل پڑ رہا ہے ۔