|

وقتِ اشاعت :   May 16 – 2017

میکسیکو میں منشیات کی تجارت منظم جرائم پر رپورٹنگ کرنے والے اعزاز یافتہ میکسیکن صحافی آوئیر والدیز کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا ہے۔

نامعلوم افراد نے پیر کو کوالیکین شہر میں ان پر حملہ کیا تھا جہاں آوئیر والدیز رہائش پذیر تھے۔ آوئیر والدیز پر حملہ ان کے قائم کیے گئے جریدے ’ریودوچے‘ کے دفتر کے باہر کیا گیا۔

50 سالہ آوئیر والدیز کو 2011 میں انٹرنیشنل پریس فریڈم ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ آوئیر والدیز نے اپنی صحافت کے کیریر میں منشیات کی تجارت اور منظم جرائم کے خلاف رپورٹنگ کی اور منشیات فروشی کے گروہوں کے بارے میں لکھا۔

میکسیکو کے صدر انریقے پینا نیتو نے آوئیر والدیز کے قتل کی مذمت کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ان کی حکومت آزادی صحافت کی لیے کام کرتی رہے گی۔

سنیولا ریاست، جہاں کوالیکین شہر واقع ہے، کے اٹارنی جنرل جوان ہوزے ریوس نے کہا کہ آوئیر والدیز کے قتل کی تفتیش شروع ہو چکی ہے اور وہ آوئیر والدیز کے خاندان اور ان کے ساتھیوں کی حفاظت کی بھرپور کوشش کریں گے۔

آوئیر والدیز اور ان کے جریدے کے دفتر پر پہلے بھی حملے کیے گئے تھے۔

آوئیر والدیز سے پہلے اس سال کئی اور میکسیکن صحافیوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔ کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (سی پی جے) کے اعداد و شمار کے مطابق 1992 سے لے کر اب تک میکسیکو میں 400 صحافیوں کو قتل کیا جا چکا ہے۔